Oct ۲۱, ۲۰۲۰ ۰۸:۴۲ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا سے متعلق خطرے کی گھنٹی بج گئی

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 19 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 692 ہوگئی۔

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد نہ کرنے کے سنگین نتائج سے خبردار کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں کہا کہ گزشتہ ہفتے کورونا سے یومیہ جاں بحق افراد کی تعداد بارہ تھی جو پچھلے کئی ہفتوں کے مقابلے میں ایک سو چالیس فیصد زائد ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ ہم تمام احتیاطی تدابیر کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے اجتماعی غلطی کے مرتکب ہو رہے ہیں اور اس کے نتائج نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ روش نہ بدلی گئی تو ہم زندگیاں اور روزگار کے ذرائع سے محروم ہو جائیں گے۔

در ایں اثناء نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 660 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔ ملک بھر میں اب تک 41 لاکھ 48 ہزار 739 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 26 ہزار 670 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 8 ہزار 674 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 559 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا کے 9 ہزار 461 مریض زیرعلاج ہیں اور 3 لاکھ 7 ہزار 950 صحتیاب ہوگئے ہیں۔

پاکستان کے 735 ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے سہولیات ہیں اور ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کیلئے وینٹی لیٹرز کی تعداد ایک ہزار 920 ہے۔

ٹیگس