پاکستان میں کورونا کے بڑھنے سے عوام میں تشویش
پاکستان میں ایک بار پھر کورونا کے فعال کیسز کی تعداد بڑھنے سے اس ملک کے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ اعداد و شمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 736 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 25 ہزار 480 ہوگئی۔
این سی او سی کے مطابق فعال کیسز کی تعداد 9 ہزار 642 ہوگئی جب کہ اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 3 لاکھ 9 ہزار 136 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 10 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 6 ہزار 702 ہوگئی۔
در ایں اثناء وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خطرہ موجود ہے، اسمارٹ لاک ڈاؤن یا پھر مکمل لاک ڈاؤن ہوسکتا ہے۔
کامران بنگش نے جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے ملک میں کورونا کیسز میں اضافہ باعث تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کیسز میں اضافے پر دوبارہ سے ہمیں سخت اقدامات کرنے پڑیں گے۔