نواز شریف اور ساتھیوں پر شکنجہ مزید سخت کرنے کی منظوری
پاکستان میں احتساب بیورو نیب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور بعض دیگر رہنماؤں کے خلاف بدعنوانی کے الزام میں نئے ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف یہ ریفرنس اعلی غیر ملکی شخصیات کی سیکورٹی کے لئے غیر قانونی طریقے سے تہتر گاڑیاں خریدنے، من پسند افراد کو نوازنے اور ان گاڑیوں کے غلط استعمال کے بارے میں ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ جمعرات کو اسلام آباد میں نیب کے ایگزیکٹیو بورڈ کے چیئر مین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی صدارت میں ایک اجلاس میں کیا گیا۔
اس اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی اور سابق وزیر احسن اقبال، سابق وزیر اعلی بلوچستان نواب اسلم رئیسانی اور بعض سابق اعلی افسران کے خلاف بھی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔
اس اجلاس میں پاکستان کے بعض سابق حکام اور اعلی عہدیداروں کے خلاف بدعنوانی کے مختلف الزامات کے تحت انکوائری کی منظوری بھی دی گئی۔