Oct ۲۸, ۲۰۲۰ ۲۲:۴۱ Asia/Tehran
  • عمران خان کی مسلمان حکمرانوں سے متحد ہونے کی اپیل

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مسلمان حکمرانوں سے کہا ہے کہ اسلاموفوبیا کے خلاف متحد ہو کر آواز اٹھائیں۔

عمران خان نے مسلمان ممالک کے سربراہوں کے نام ایک خط لکھ کر کہا کہ اسلاموفوبیا اور خاص کر یورپی ممالک کے رہنماؤں کے بیانات کے خلاف انتہاپسندی کو توڑنے کے لیے متحد ہو کر قائدانہ کردار ادا کریں۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر 28 اکتوبر کو مسلمان حکمرانوں کے نام لکھے گئے خط کو جاری کیا اور یہ خط فرانس میں پیغمبر اسلام (ص) کے گستاخانہ خاکے شائع ہونے اور فرانسیسی صدر امانوئل میکرون کی جانب سے اس کی حمایت کے کئی دنوں بعد لکھا گیا ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم نے خط میں کہا کہ ‘امہ میں بڑھتی بے چینی اور تشویش کی وجہ مغربی دنیا خاص کر یورپ میں اسلاموفوبیا میں تیزی، نفرت انگیزی اور ہمارے پیارے پیغمبر حضرت محمد (ص) کی گستاخی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیادت کی سطح پر حالیہ بیانات اور قرآن پاک کی بے حرمتی جیسے حالیہ واقعات بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کا مظہر ہیں جو یورپ بھر کے ممالک میں پھیل رہے ہیں جبکہ ان ممالک میں مسلمانوں کی بڑی آبادی مقیم ہے’۔

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ پورے یورپ میں مسلم مخالف جذبات پھیل رہے ہیں جہاں مساجد کو بند کردیا گیا اور مسلمان خواتین کو عوامی مقامات پر اپنی مرضی کا لباس زیب تن کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی اور یہاں تک پادری اور راہبائیں اپنے مذہبی لباس میں ہوتی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ‘مسلمانوں کی پسماندگی کی وجہ سے بنیاد پرستی جنم لیتی ہے اور یہ مکروہ سلسلہ ہر طرف انتہاپسندوں کے لیے موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان حکمرانوں کے لیے یہ وقت ہے کہ وہ متحد ہوجائیں اور ‘نفرت اور انتہا پسندی کے اس سلسلے کو توڑ دیں جس سے کشیدگی اور یہاں تک کہ انسانی جانوں کے ضیاع کو باعث بن جاتا ہے۔

ٹیگس