منی لانڈرنگ ریفرنس میں مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ
لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں مسلم لیگ نون کے صدر شہبازشریف اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہبازشریف پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے گیارہ نومبر کو عدالت میں طلب کرلیا ہے- منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کو پیر کے دن بکتر بند گاڑیوں میں احتساب عدالت لایا گیا اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئےگئے تھے قبل ازیں مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے احتساب عدالت میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور حمزہ شہباز سے ملاقات کی جس میں پی ڈی ایم کے جلسوں اور گلگت بلتستان کے الیکشن کے حوالے سے بات چیت کی گئی -
احتساب عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکومت جو معیار دوسروں کے لئے سیٹ کر رہی ہے اس کو بھی بھگتنا پڑے گا - انہوں نے دعوی کیا کہ اگلا سال الیکشن کا ہے جبکہ گلگت بلتستان کے الیکشن میں بھی مسلم لیگ نون جیتے گی ۔