نیب کے عہدیداروں کے اثاثوں کی تفصیلات بتانے سے انکار
پاکستان میں انفارمیشن کمیشن نے نیب کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے اثاثوں کی تفصیلات بتانے سے انکار کردیا ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے انفارمیشن کمیشن نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین نیب کے اثاثوں کی تفصیلات بتانے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے ساتھ ہی نیب کے ڈائریکٹروں،ریجنل ڈائریکٹروں اور اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کے اثاثوں کی معلومات بھی عام نہیں کی جاسکتیں۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ان کے اثاثوں کی تفصیلات عام کرنے سے ان کی پرائیویسی مجروح ہوسکتی ہے اور نیب کے اعلی عہدیداروں اور ان کے اہل خانہ کے اثاثوں کی معلومات مفاد عامہ میں نہیں آتی ہیں۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیب اپنے افسران کے خلاف تمام شکایتوں کی تحقیقاتی رپورٹیں اٹھائیس نومبر تک منظر عام پر لائے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے ایک شہری رانا اسداللہ نے ملک کے انفارمیشن کمیشن سے چیئر مین اور ڈپٹی چیئر مین کے اثاثوں کی معلومات فراہم کرنے کی درخواست دائر کی تھی ۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ نیب کے افسران کی تعیناتی اور اس کے بعد ، ان کے اور ان کے متعلقین کے اثاثوں کی معلومات فراہم کی جائیں ۔