Nov ۱۶, ۲۰۲۰ ۰۹:۳۲ Asia/Tehran
  • فرانسیسی سفیر کے نکالے جانے تک احتجاج جاری رہے گا

پاکستان کے عوام نے اعلان کیا ہے کہ ملک سے فرانسیسی سفیر کو نکال بناہر کئے جانے تک شانِ رسالت میں فرانسیسی صدر کے گستاخانہ بیان کے خلاف ان کا احتجاج اور دھرنا جاری رہے گا۔

ارنا نیوز کے مطابق مذہبی تنظیموں سے جڑے ہزاروں پاکستانیوں نے تحریک لبیک عنوان کے تحت اکٹھا ہو کر راولپنڈی کے مرکزی علاقے سے فرانس مخالف مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا۔

مظاہرین احتجاج کرتے ہوئے اسلام آباد کی طرف جانا چاہتے تھے تاہم پولیس نے انہیں روک لیا۔ تحریک لبیک کی اعلیٰ کونسل نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک سے فرانسیسی سفیر کو نکال باہر کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے سفیر کو بھی پیرس سے واپس بلائے۔

باوجود اس کے حکومتِ پاکستان گزشتہ ہفتوں کے دوران فرانسیسی سفیر کو بلا کر صدرمیکرون کی گستاخیوں پر اپنا سخت اعتراض درج کرا چکی ہے مگر ملک میں شانِ رسالت میں ہونے والی گستاخیوں کے خلاف احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سے قبل پاکستان کے وزیراعظم نے بھی کہا تھا کہ شانِ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہونے والی گستاخیوں کے سلسلے میں فرانسیسی صدر کے بیانات مسلمانان عالم کے جذبات مجروح ہونے کا باعث بننے کے ساتھ ساتھ اسلاموفوبیا کی آگ کے مزید بھڑکنے کا سبب بنے ہیں۔

واضح رہے کہ بدنام زمانہ فرانسیسی جریدے چارلی ہیبڈو کی شانِ رسالت میں گستاخیوں اور پھر اسکی حمایت میں صدر میکرون کے بیانات کے بعد پورا عالم اسلام سراپا احتجاج ہے اور دنیا کے گوشہ و کنار میں فرانسیسی صدر کے خلاف مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔

ٹیگس