Nov ۲۰, ۲۰۲۰ ۱۹:۴۰ Asia/Tehran
  • پاکستان، کورونا سے مزید چھتیس افراد جاں بحق

پاکستان میں کورونا وائریس کی دوسری لہر میں تیزی آنے کے بعد گذشتہ چوبیس گھنٹے میں مزید چھتیس افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ دوہزار سات سو سے زائد نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔

پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں دو ہزار سات سو اڑتیس نئے معاملات سامنے آئے ہیں جن کے نتیجے میں متاثرین کی مجموعی تعداد تین لاکھ اڑسٹھ ہزار چھے سو ہو گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی مجموعی تعداد ساڑھے سات ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

پاکستان کے وفاقی دارالحکومت میں کورونا کے نئے کیسز رپورٹ ہونے سے اسلام آباد میں مزید سات تعلیمی ادارے سیل کر دئے گئے ہیں۔

اُدھر صوبۂ بلوچستان میں بھی کورونا کی دوسری لہر کے باعث یکم سے آٹھویں کلاس تک کے سالانہ امتحانات جو نومبر میں ہونے والے تھے ملتوی کردئے گئے ہیں- بلوچستان حکومت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اب یہ امتحانات اگلے سال مارچ میں ہوں گے۔ بلوچستان کے سکریٹری تعلیم نے کہا کہ مارچ میں سالانہ امتحانات کے فورا بعد نئے تعلیمی سال کا آغاز بھی کر دیا جائے گا -

اس درمیان پنجاب حکومت نے شادی ہالوں میں تقریبات پر پابندی لگا دی ہے اور کہا کہ شادی کی تقریبات کھلی فضا میں ہوں گی جن میں زیادہ سے زیادہ تین سو افراد شرکت کر سکیں گے۔

ٹیگس