Nov ۲۲, ۲۰۲۰ ۱۲:۲۴ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کے بعد ٹیسٹنگ کی تعداد بڑھا دی گئی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 38 ہزار 983 ٹیسٹ کئے گئے، اس طرح ملک میں اب تک کوویڈ 19 کے مجموعی طور پر 51 لاکھ 80 ہزار 26 ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی کے بعد اب ان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 665 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 59 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 897 مریض اس بیماری سے شفایاب ہوئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 74 ہزار 173 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 7 ہزار 662 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے پاکستان میں 36 ہزار 683 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 ہزار 653 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 29 ہزار 828 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب کراچی کے مختلف اضلاع میں اسمارٹ اور مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔ سندھ حکومت کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنرز نے کراچی کے اضلاع وسطی، شرقی، جنوبی، غربی، کورنگی اور ملیر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے نوٹی فکیشن جاری کر دیئے۔ متاثرہ علاقوں میں 3 سے زائد افراد کا ایک ساتھ گھومنا پھرنا منع ہوگا جبکہ گھروں میں تقریبات پر پابندی ہو گی، تمام اضلاع میں رات 10 بجے کاروبار بند کرنا ہوں گے۔

 

ٹیگس