کراچی میں طالبان پاکستان کے 3 دہشتگرد گرفتار
کراچی کے علاقے گلشن معمار میں رینجرز اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران تین دہشتگردوں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگردوں میں یاسین عرف ابو حنظلہ، اکرام اللہ عرف فیصل اور محمد خالد عرف منصور عرف عمر شامل ہیں۔ ان میں سے دو دہشتگرد حال ہی میں افغانستان سے آئے تھے اور کراچی میں کارروائی کرنا چاہتے تھے۔
دہشتگردوں کے قبضے سے دستی بم، دھماکہ خیر مواد اور بم بنانے کا سامان بھی برآمد کیا گیا، پولیس کے مطابق دہشتگرد افغانستان سے تربیت لے کر آئے تھے۔ گرفتار دہشتگردوں سے تفتیش کے دوران اہم انکشافات کی امید کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں سندھ رینجرز اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے تین دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔ دہشتگردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر سعد بلال گروپ سے ہے اور انہوں نے متعدد کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے۔