Nov ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۰:۵۵ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا کی دوسری لہرمیں شدت مزید 48 افراد جاں بحق

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 954 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔

پاکستانی میڈیا کی آج منگل کے روز کی رپورٹ کے مطابق ملک میں کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کرنے لگی اورایک دن میں 48 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 744 ہوگئی۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 954 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار 883 ہوگئی۔

پاکستان میں اب تک 52 لاکھ 56 ہزار 120 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39 ہزار 165 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 31 ہزار 760 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 751 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام سرکاری اور پرائیویٹ دفاتر میں 50 فیصد حاضری کا حکم اکیس جنوری تک نافذ العمل رہے گا۔ جبکہ صوبہ سندھ میں آج سے کاروبار 6 بجے تک بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے، کاروبار کے اوقات کار صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک ہونگے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے نئی پابندیاں 31 جنوری 2021 تک لاگو رہیں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری، نجی دفاتر اور پبلک مقامات پر ماسک پہنا لازمی قرار پایا ہے اور خلاف ورزی کرنے والے پر جرمانہ بھی ہوگا، سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد کم سٹاف رکھا جائے، ‏بند جگہوں پر شادی کی تقریبات پر پابندی جبکہ صرف کھلے مقامات پر شادی ہوگی، شادی میں 200 مہمانوں کی اجازت ہوگی، تقریب 9 بجے ختم کرنا ہوگی۔

ٹیگس