Nov ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۸:۳۳ Asia/Tehran
  • نواز شریف جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہو رہے: پاکستانی دفتر خارجہ

پاکستان کے دفتر خارجہ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بذریعہ اشتہار طلبی کی تعمیل سے متعلق رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر یورپی امور، مبشر خان کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہو رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نواز شریف عدالت میں زیر سماعت کیس سے متعلق مکمل طور پر آگاہ ہیں اور ان کے اشتہار جاری ہونے کی خبر پاکستان اور بیرون ملک میڈیا پر نشر ہو چکی ہے۔ عدالت میں جمع کرائی گئی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی لندن رہائش گاہ پر طلبی کا اشتہار رائل میل کے ذریعے بھیجا گیا تھا جو انہیں موصول ہو گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف گزشتہ برس اکتوبر میں لاہور ہائی کورٹ کی عبوری ضمانت پر علاج کے بہانے لندن گئے تھے اور اب تک وہیں مقیم ہیں۔ نواز شریف کے خلاف بدعنوانیوں کے متعدد مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور ایک کیس میں انہیں سات سال قید اور ڈھائی کروڑ ڈالر جرمانے کی سزا بھی سنائی جا چکی ہے۔

ٹیگس