ماں کو دفنا دیا گیا، پر نواز شریف واپس نہ آئے!
پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کی والدہ کو ان کے آبائی علاقے جاتی امرا میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔
آخری رسومات میں شرکت کے لیے مسلم لیگ نون کے رہنماؤں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو گزشتہ روز پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔
یہ دونوں رہنما منی لانڈرنگ اور آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس میں کوٹ لکھپت جیل میں بند ہیں۔ نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ شریف میڈیکل سٹی گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی-
اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے- قبل ازیں بیگم شمیم اختر کی میت ہفتے کی صبح لندن سے لاہور پہنچی جہاں ہوائی اڈے پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے جسد خاکی کو تحویل میں لیا۔
کہا جا رہا ہے کہ لندن میں مقیم سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنی والدہ کی تدفین میں شرکت کے لیے پاکستان آنے سے گریز کیا ہے کیونکہ خدشہ تھا وطن واپسی پر انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا جائے گا۔
نواز شریف گزشتہ برس اکتوبر میں لاہور ہائی کورٹ کی عبوری ضمانت پر علاج کی غرض سے لندن گئے تھے اور اب تک وہیں مقیم ہیں۔