مشترکہ سرحدوں پر کنٹرول سسٹم بہتر بنانے کے لئے پاکستان کا اقدام
پاکستان کے وزیراعظم نے ایک اعلی سطحی نشست میں مشترکہ سرحدوں کی سیکورٹی اور کنٹرول سسٹم بہتر بنائے جانے کے سلسلے میں ایک نگراں ادارہ قائم کئے جانے کی ہدایات دی ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم کے دفتر نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ یہ نگراں ادارہ نائب وزیر داخلہ کی نگرانی میں کام کرے گا جس کا مقصد سرحدوں پر سیکورٹی کی بحالی و مضبوطی کے ساتھ ساتھ تجارت کے عمل کو آگے بڑھانا ہے۔
اس نشست میں اعلان کیا گیا کہ پڑوسی ملکوں کے ساتھ مشترکہ سرحدوں کا کنٹرول سسٹم بہتر بنانے کے لئے پاکستان کی صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ پاکستان کے دس وزارت خانے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
اس نشست میں شریک پاکستانی حکام نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ملنے والی مشترکہ سرحدوں پر باڑ لگائے جانے کے عمل میں پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے مشترکہ گذرگاہوں میں نگراں سسٹم کے قیام کے موثر نتائج کے حصول کی ضرورت پر تاکید کی۔
مشترکہ سرحدوں پر کنٹرول سسٹم بہتر بنانے کے لئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے یہ اعلان، ایسی حالت میں کیا گیا ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بیس روز قبل اپنے دورہ اسلام آباد میں پاکستان کے ساتھ ہمہ جہتی تعاون کی توسیع کے لئے تہران کی آمادگی کا اعلان کیا تھا۔