پاکستانی کرکٹ ٹیم کی پانچویں کوویڈ ٹیسٹنگ آج
پاکستانی کرکٹ ٹیم کی پانچویں کوویڈ ٹیسٹنگ کا نتیجہ پیر کو سامنے آئے گا۔
نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کی پانچویں کوویڈ ٹیسٹنگ آج اتوار کو ہو رہی ہے جس کی رپورٹس پیر کو آئے گی، جن کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آئیں گے وہ منگل سے قرنطینہ سے باہر آ جائیں گے۔
جن 6 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے ان کے آئسولیشن کے 14دن منگل کو مکمل ہوجائیں گے۔ کورونا ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں وہ بھی ٹیم کا باضابطہ حصہ بن سکیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہےاسٹنٹ کوچ شاہد اسلم بھی اپنا آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد ٹیم میں شامل ہو جائیں گے تاہم ٹیسٹ اوپنر امام الحق بدستور آئسولیشن میں میں رہیں گے، انہیں دو ہفتے مکمل ہونے اور ٹیسٹ منفی آنے کے بعد ٹیم جوائن کرنے کی اجازت مل جائے گی۔
بتایا جا رہا ہے پاکستانی کرکٹ ٹیم منگل روز کرائسٹ چرچ سے بذریعہ طیارہ کوئنز ٹاون پہنچے گی۔
ادھر پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے شکوہ کیا کہ نیوزی لینڈ میں موجود پاکستانی وفد کے 44 ارکان کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے لیکن ان کا پرچار نہیں ہوا اور صرف مثبت کیسز کو فوری طور پر رپورٹ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم بقیہ چار دن گزار کر کرکٹ پر فوکس کرنے کے لیے تیار ہے۔