پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ منفی آگئے
نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ منفی آ گئے ہیں۔
سحر اسپورٹس ڈیسک کے مطابق اتوار کو پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کورونا ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری مرحلے میں تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انہیں ٹریننگ اور پریکٹس کی اجازت دیے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ میں پانچ دسمبر سے ٹریننگ کا آغاز کرنا تھا لیکن چھے کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اسے ٹریننگ سے روک دیا گیا تھا۔
اس سے قبل پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے قواعد و ضوابط اور آئسولیشن پروٹوکولز کی خلاف ورزی کی اطلاعات موصول ہوئیں تھیں جس کے بعد نیوزی لینڈ کی جانب سے پاکستانی ٹیم کو فائنل وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ٹیم کو واپس بھی بھیجا جا سکتا ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ پاکستان کے تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آگئے ہیں البتہ وزارت صحت کی اجازت کے بعد ہی پاکستانی کھلاڑیوں کو قرنطینہ سے باہر آنے دیا جائے گا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے تئیس نومبر کو نیوزی لینڈ روانہ ہوئی تھی جہاں وہ اٹھارہ بیس، اور بائیس دسمبر کو نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔ اس کے بعد دونوں ٹیم کے درمیان چھبیس دسمبر کو پہلا اور تین جنوری کو دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔