پاکستان، یومیہ کورونا اموات اور زیر علاج مریضوں کی تعداد میں اضافہ
پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر میں یومیہ اموات اور کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان کے کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے دو ہزار نوسو ترسٹھ نئے مریضوں اور ساٹھ اموات کا اندراج کیا گیا جبکہ مزید ایک ہزار سات سو ستانوے مریض شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد چار لاکھ چھبیس ہزار چار سو بارہ ہو چکی ہے جن میں سے آٹھ ہزار پانچ سو سینتالیس افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ تین لاکھ بہتر ہزار دو سو اکہتر افراد کورونا کو مکمل طور پر شسکت دینے میں کامیاب رہے۔
پاکستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد پینتالیس ہزار تین سو چوبیس ہے جن میں سے دو ہزار پانچ سو انتالیس افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
اس دوران وزارت صحت کے عہدیداروں نے بتایا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر میں زیادہ تر متاثرین اسپتال جانے کے بجائے گھروں کے اندر قرنطینہ میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں اور صرف شدید علامات والے مریض ہی اسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں۔