پاکستان میں کورونا کے یومیہ کیسز کی تعداد تین ہزار سے زائد
پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر نے شدت اختیار کرلی ہے اور زیر علاج مریضوں کی تعداد میں تیز رفتاری کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔
پاکستان کے کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تین ہزار سینتالیس نئے مریضوں اور پچاس اموات کا اندراج کیا گیا۔
اس رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد چار لاکھ بتس ہزار تین سو بہتر ہوگئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے انتقال کرنے والے پچاس مریضوں میں سے اٹھائیس وینٹی لیٹر پر تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کورونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد آٹھ ہزار چھے سو ترپن ہے۔ پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے متاثرین کا پتہ لگانے کے لئے بیالیس ہزار پانچ سو چھیانوے نمونوں کی جانچ کی گئی۔
پاکستان کے کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق کورونا ٹیسٹ کے مثبت نتائج کی سب سے زیادہ شرح کراچی میں، اٹھارہ اعشاریہ چار تین فیصد ہے۔ پاکستان کے محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں مزید تین ڈاکٹر کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرگئے۔
پاکستان کی میڈیکل ایسو ایشن نے بتایا ہے کہ پورے ملک میں تاحال کورونا سے ایک سو اڑتیس ڈاکٹروں کا انتقال ہو چکا ہے۔