پاکستان میں کورونا کے تازہ اعداد و شمار
پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر نے شدت اختیار کرلی ہے اور کورونا سے یومیہ متاثرین اور اموات میں اضافہ ہورہا ہے۔
پاکستان کے کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کےتین ہزار تین سو انہتر نئے مریضوں اور بہتر اموات کا اندراج کیا گیا۔
اس رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ایک ہزار سات سو بانوے کورونا کے مریض مکمل طور پر شفایاب بھی ہوئے ہیں ۔
اس رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد چار لاکھ اڑتیس ہزار چار سو پچیس ہوگئی ہے جن میں سے آٹھ ہزار سات سو چھیانوے افراد موت سے ہمکنار ہو چکے ہیں اور تین لاکھ تراسی ہزار افراد کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے ہیں ۔
اس رپورٹ کے مطابق پاکستان بھر میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد چھیالیس ہزار چھے سو انتس ہے جن میں سے دو ہزار چار سو اکہتر کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
رپورٹوں کے مطابق کورونا سے سب سے زیادہ متاثر کراچی ہے جہاں کورونا ٹیسٹ کے مبثب نتائج کی شرح اٹھارہ اعشاریہ نو دو فیصد ہے۔
دوسرے نمبر پر پشاور بتایا گیا ہے کہ جہاں مثبت نتائج کی شرح اٹھارہ اعشاریہ صفر آٹھ فیصد اور پندرہ اعشاریہ دو چھے مثبت نتائج کے ساتھ حیدرآباد سندھ دوسرے نمبر پر ہے۔
کراچی میں دو دن میں سابق ڈائریکٹر جنرل صحت سمیت تین ڈاکٹر کورونا سےجاں بحق ہوئے ہیں۔ کراچی میں کورونا سے مرنے والے ڈاکٹروں کی تعداد چھبیس بتائی گئی ہے۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطابق اب تک پورے پاکستان میں ایک سو بیالیس ڈاکٹر کورونا سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔
پاکستان کے کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی رپورٹ کے مطابق ملک میں کورونا سے متاثرین کا پتہ لگانے کے لئے بارہ دسمبر کو بیالیس ہزار دو سو بائیس نمونوں کی جانچ کی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کوروناکے مریضوں کا پتہ لگانے کے لئے ساٹھ لاکھ بتیس ہزار تین سو نوے ٹیسٹ انجام دیئےجا چکے ہیں ۔