Dec ۱۳, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۰ Asia/Tehran
  • راولپنڈی میں بم کے ایک دھماکے میں متعدد افراد زخمی

اسلام آباد کے جڑواں شہر راوپنڈی میں بم کے ایک دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے متصل شہر راولپنڈی کے علاقے تھانہ گنج منڈی کے قریب مبینہ طور پر نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے، بم پھٹنے کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے میں 25 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے 3 افراد کو موقع پر ہی طبی امداد دے کر بھیج دیا گیا جب کہ باقی 22 افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد میں سے تین افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری، بم ڈسپوزل اسکوارڈ کا عملہ اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور عوام کے لئے راستے بند کردیئے گئے۔

ایس ایچ او تھانہ گنج منڈی کا کہنا ہے کہ دھماکہ تھانے کے سامنے فلٹریشن پلانٹ کے قریب ہوا، دھماکے کے بعد جائے حادثہ کے قریب تمام علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا، جب کہ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکوارڈ کا عملہ دھماکے کی نوعیت جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔

 

ٹیگس