Dec ۱۴, ۲۰۲۰ ۲۰:۲۹ Asia/Tehran
  • پاکستان، کورونا کے یومیہ متاثرین اور اموات میں قدرے کمی آئی

پاکستان میں کورونا کو دوسری لہر میں یومیہ متاثرین اور اموات میں نسبتا کمی دیکھی گئی ہے۔

پاکستان کے کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے دو ہزار تین سو باسٹھ نئے مریضوں اور چھتیس اموات کا اندراج کیا گیا۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ اتوار کو پاکستان میں تین ہزار سے زائد نئے مریضوں اور بہتر اموات کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس رپورٹ کےمطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ایک ہزار سات سو اکیس کورونا کے مریض مکمل طور پر شفایاب بھی ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد چار لاکھ چالیس ہزار سات سو ستاسی ہوگئی ہے جن میں سے آٹھ ہزار آٹھ سو بتیس افراد موت سے ہمکنار ہو چکے ہیں اور تین لاکھ چوراسی ہزار سات سو انیس افراد کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے ہیں۔

پاکستان میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر شہر کراچی ہے جہاں کورونا کی نئی لہر میں متعدد ڈاکٹر بھی جاں بحق ہوگئے ہیں۔ کراچی سے موصولہ ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کے عباسی شہید اسپتال کے کورونا یونٹ کے بند ہو جانے کا خدشہ ہے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ عباسی شہید اسپتال کے سو بستروں پر مشتمل کورونا یونٹ کی مالی ضروریات پوری نہیں ہو پا رہی ہیں جس کے نتیجے میں ممکن ہے کہ اس یونٹ کو بند کرنا پڑے۔

پاکستان کے کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک بھر میں کورونا سے متاثرین کا پتہ لگانے کے لئے اکتس ہزار آٹھ سو تیس نمونوں کی جانچ کی گئی۔

دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس ٹاسک فورس کے سربراہ ڈاکٹر عطاء الرحمان نے بتایا ہے کہ آئندہ دو ماہ میں ملک میں کورونا ویکسین ملنا شروع ہو جائے گا۔

ٹیگس