Dec ۱۶, ۲۰۲۰ ۱۵:۲۸ Asia/Tehran
  •  قومی اتحاد کے ذریعے دہشت گردی کو شکست دی، عمران خان

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے قومی اتحاد کے ذریعے دہشت گردی کو شکست دی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر مقام پشاور میں سرکاری اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاورنے پوری قوم کو متحد کیا  اور پھر قوم نے متحد ہوکر دہشت گردی کو شکست سے دوچار کردیا۔

واضح رہے کہ چھے سال قبل سولہ دسمبر دوہزار چودہ کو دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملہ کرکے، ایک سو پچیس کم سن طلبہ سمیت ایک سو باون افراد کو شہید کردیا تھا۔

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ  اے پی ایس واقعے کے بعد قوم نے مل کر دہشتگردی کے خلاف لڑنے کا فیصلہ کیا اور اس جنگ میں کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے صوبائی حکومت کو پشاور کارڈیک انسٹیٹیوٹ کی تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکمران علاج کرانے باہر چلے جاتے ہیں عوام کے بارے میں نہیں سوچتے، اب عوام کے لیے اسپتال بن رہے ہیں اور اسی کو بقول ان کے ریاست مدینہ کہتے ہیں۔

 

ٹیگس