پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو پاکستان پر برتری
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
سحرنیوز کی اسپورٹس ڈیسک کے مطابق، آکلینڈ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے قائم مقام کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور شفیق نے کھیل کا آغاز کیا مگر نیوز لینڈ کے جیکب ڈفی کی بال پر، گلین فلپ نے شفیق کو کیچ آوٹ کیا اور وہ بغیر کوئی رن بنائے واپس لوٹ گئے۔ پاکستانی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ جیکب ڈفی نے یکے بعد دیگرے دو گیندوں پر محمد رضوان اور محمد حفیظ کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔
اس کے بعد پاکستانی ٹیم شدید دباؤ کا شکار رہی اور مقررہ بیس اوور میں نو کھلاڑیوں کے نقصان پر صرف ایک سو ترپن رن بنا سکی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈفی نے چار اور کگلیجن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
بعد ازاں پاکستان کے ایک سو ترپن رن کے جواب میں آسٹریلیا نے کھیل کا آغاز کیا اور مارٹن گپٹل اور ٹم شیفرٹ جیسے کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا اور مقررہ بیس اوور میں پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر ایک سو چھپین رن بناکر یہ میچ پانچ وکٹوں سے جیت لیا۔
پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت حاصل ہوئی جب شاہین آفریدی کی گیند پر کپتان شاداب خان نے مارٹن گپٹل کو کیچ آوٹ کیا، اس وقت نیوزلینڈ کا اسکور صرف چھے رن تھا۔
نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ اکیس رن پر گری جب ڈیوان پانچ رن بنا کر آوٹ ہوئے، انہیں ہارث روف نے اپنی ہی بال پر کیچ آوٹ کیا۔ نیوزلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور شیفرٹ کا رہا اور انہوں نے ستاون رن بنائے۔ پاکستان کی جانب سے حارث نے تین اور شاہین نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔