Dec ۲۵, ۲۰۲۰ ۰۹:۴۸ Asia/Tehran
  • حافظ سعید کو 15 سال قید کی سزا

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید سمیت 6 رہنماؤں کو ایک اور مقدمے میں سزائیں سنا دیں۔

اے ٹی سی کورٹ نمبر 3 کے جج اعجاز احمد بٹر کی جانب سے حافظ سعید، حافظ عبدالسلام ، پروفیسر ظفراقبال، محمد اشرف اور یحییٰ مجاہد کو ساڑھے پندرہ، پندرہ سال جبکہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔ کالعدم جماعت الدعوۃ کی طرف سے جاری تفصیل کے مطابق مذکورہ رہنماؤں کو دو، دو لاکھ  روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہو گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی حافظ سعید کیخلاف تین مقدمات کے فیصلے سنائے جا چکے ہیں، اے ٹی سی عدالتوں میں جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کیخلاف مزید کئی مقدمات زیر سماعت ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کی حکومت کی جانب سے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی کا اعلان کیا گیا تھا جب کہ یکم جولائی کو حکومت نے حافظ سعید اور ان کے دیگر 6 ساتھیوں کے خلاف لشکر طیبہ کا سرغنہ ہونے اور دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزامات میں مقدمات درج کیے۔ ان پر دہشت گردی کو پروان چڑھانے اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کے الزامات ہیں۔

حافظ سعید کو سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کی مالی معاونت کے الزام میں سترہ جولائی دوہزار انیس میں گوجرانوالہ سے گرفتار کیا تھا۔ گزشتہ سال فائننشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو متنبہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ میں ملوث افراد اور دہشتگرد اور انتہا پسند گروہوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

ٹیگس