Jan ۰۳, ۲۰۲۱ ۱۸:۲۸ Asia/Tehran
  • عمران خان نے مچھ میں شیعہ کان کنوں کے قتل عام کی مذمت کی، بزدلانہ اور غیر انسانی عمل بتایا

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے صوبۂ بلوچستان کے مچھ علاقے میں گيارہ کان کنوں کے دہشت گردانہ قتل عام کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

عمران خان نے بلوچستان کے علاقے مچھ میں گيارہ کان کنوں کے قتل پر مذمت کا اظہار کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے اور لکھا ہے کہ مچھ، بلوچستان میں گيارہ بے قصور کان کنوں کا قتل، قابل مذمت دہشتگردی کا ایک اور بزدلانہ غیرانسانی عمل ہے۔ پاکستانی وزیر اعظم نے لکھا ہے کہ انھوں نے ایف سی سے کہا ہے کہ وہ قاتلوں کو پکڑنے اور انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے لکھا ہے کہ حکومت متاثرین کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

ادھر وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے مچھ میں دہشت گردی کی مذمت اور جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے اور دہشت گردوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے مچھ میں کان کنوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی بلوچستان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

یاد رہے کہ مچھ کے پولیس حکام نے ابتدائی طور پر بتایا ہے کہ مسلح افراد نے مچھ کوئلہ فیلڈ میں کام کرنے والے کان کنوں کو اغوا کیا اور قریبی پہاڑی علاقوں میں لے گئے جہاں ان پر فائرنگ کر کے ان کا قتل عام کر دیا۔ خبررساں ادارے اے پی نے بتایا ہے کہ لیویز فورس کے ایک عہدیدار معظم علی جتوئی کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ حملہ آوروں نے کان کنوں میں سے ہزارہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے شیعہ کان کنوں کو شناخت کرکے الگ کیا اور انہیں دور لے جا کر قتل کردیا جبکہ دیگر کو نقصان نہیں پہنچایا۔

دریں اثنا سوشل میڈیا پر آنے والی خبروں کے مطابق دہشت گردوں نے مچھ میں ہزارہ شیعہ برادری کے افراد کو بے دردی سے ذبح کرکے شہید کر دیا۔ سوشل میڈیا پر بتایا گيا ہے کہ مچھ کے کوئلہ مزدور کیمپ میں رات کی تاریکی میں جب مزدور کام کی تھکن کے بعد سو رہے تھے لشکر جھنگوی کے دہشتگردوں نے سترہ شیعہ ہزارہ مزدوروں کو رسیوں سے باندھ کر ذبح کرکے شہید کردیا۔ ابھی تک کسی بھی گروہ نے اس قتل عام کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

ٹیگس