پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا سلسلہ جاری
پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا سلسلہ جاری ہے تاہم اس کی شدت میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔
پاکستانی ذرائع سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اس ملک میں اگرچہ کورونا کی دوسری لہر جاری ہے تاہم گزشتہ دو دنوں میں اس سے ہونے والی اموات میں کمی دیکھی گئی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پاکستان میں ایک ہزآر آٹھ سو پچانوے افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید انتالیس افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اس مدت میں ایک ہزارسات سو ستانوے کورونا مریض صحتیاب ہوئے۔پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد چار لاکھ اٹھاسی ہزار پانچ سو انتیس ہوگئی جس میں سے نوے فیصد سے زائد افراد یعنی چار لاکھ بیالیس ہزار چار سو ستاون مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی مجموعی تعداد دس ہزار تین سو پچاس تک پہنچ گئی ہے۔
درایں اثنا پاکستان میں اٹھارہ جنوری سے مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک بھر میں نویں سے بارہویں جماعت تک تعلیمی اداروں کو پہلے مرحلے میں کھول دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اٹھارہ جنوری سے نویں سے بارہویں جماعتوں تک جن کا امتحان ہونا ہے، ان کو بحال کردیا جائےگا اور ان جماعتوں کے طالبعلم اپنے اسکول و کالجوں میں جائیں گے اور ان کی پڑھائی شروع ہو جائے گی۔