براڈ شیٹ کے انکشافات، کرپشن کی ایک جھلک ہیں: عمران خان
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ملکی اشرافیہ کے کرپشن سے متعلق برطانونی کمپنی کے تازہ انکشافات کے بعد معاملے کی مزید تحقیقات کا عزم ظاہر کیا ہے۔
اپنے ایک ٹوئٹ میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے لکھا ہے کہ براڈ شیٹ کمپنی کے انکشافات تو محض ایک جھلک ہے اور ہم اپنی اشرافیہ کی منی لانڈرنگ اور تحقیقات رکوانے والوں کے معاملے پر مکمل شفافیت چاہتے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ وہ پچھلے چوبیس سال سے کہہ رہے ہیں کہ اشرافیہ اقتدار میں آکر ملک کو لوٹتی ہے، کرپشن کی رقم منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک بھیجی جاتی ہے اور اس کے بعد این آر او حاصل کرنے کے لیے سیاسی اثر و رسوخ کا استعمال کیا جاتا ہے۔
قابل ذکر ہے دو روز قبل ایک برطانوی کمپنی براڈ شیٹ ایل ایل سی کے عہدیدار کاوہ موسوی نے انکشافات تھا کہ ان کی کمپنی سابق وزیر اعظم نواز شریف اور دیگران کے زیر اثر تھی اور ان کے پاس کچھ دیگر پاکستانیوں کی منی لانڈرنگ کے ثبوت بھی تھے تاہم اسے کام سے روک دیا گیا تھا۔
براڈ شیٹ کمپنی کا دعوی ہے کہ اس نے سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں پاکستانیوں کی جانب سے مبینہ طور پر غیرقانونی دولت کے ذریعے بیرون ملک خریدے گئے اثاثوں کا پتہ لگانے کے لیے اس وقت کی حکومت اور نئے بننے والے قومی احتساب بیورو نیب کی مدد کی تھی۔