پاکستان میں کورونا کے قہر میں کمی
پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر جاری ہے جس کا زور کراچی میں زیادہ بتایا جاتا ہے۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کے ضلع غربی کے تین سب ڈیویژنوں کے نوعلاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کرکے اعلان کیا گیا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں لوگوں کی غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔
پاکستان کے قومی کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے دو ہزار چار سو سترہ نئے مریضوں اور پینتالیس اموات کا اندراج کیاگیا۔ اس دوران دو ہزار بہتر کورونا کے مریض شفایاب ہوئے۔
پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ چودہ ہزار تین سو اڑتیس ہو چکی ہے جن میں سے دس ہزار آٹھ سو ترسٹھ افراد انتقال کر چکے ہیں اور چار لاکھ انہتر ہزار تین سو چھے افراد کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد چونتیس ہزار ایک سو انہتر ہے جن میں سے دو ہزار دو سو چورانوے افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ان حالات میں پاکستان کی وفاقی وزارت تعلیم نے اٹھارہ جنوری سے ملک کے تعلیمی اداروں کو مرحلے وار کھولے جانے کا اعلان کر دیا ہے۔