Jan ۲۰, ۲۰۲۱ ۱۸:۲۸ Asia/Tehran
  • پاکستان کے وزیراعظم کا اپوزیشن پر فارن فنڈنگ حاصل کرنے کا الزام

پاکستان کے وزیر اعظم وزیر اعظم عمران خان نے ملک کی اپوزیشن جماعتوں پر غیر ممالک سے رقم حاصل کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

میڈیا رپوٹوں کے مطابق وانا میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کے پسماندہ طبقات کو آگے لانا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میں اپنے خطاب میں اس علاقے میں اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج سے اس علاقے میں تھری جی اور فور جی سروس بحال کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے کے عوام نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

درایں اثنا وانا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں پر بیرون ممالک سے رقم حاصل کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی ممالک اپوزیشن کی جماعتوں کی فنڈنگ کرتے رہے ہیں لیکن باہمی تعلقات کی وجہ سے ان ممالک کے نام نہیں لے سکتا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کی کُھلی سماعت ہونی چاہیے اور اسے ٹی وی پر براہ راست دکھایا جائے تاکہ قوم حقائق جان سکے۔

ٹیگس