پاکستان کپ کرکٹ کا فائنل، خیبر پختونخوا نے سنٹرل پنجاب کو دھول چٹا دی
پاکستان کپ کرکٹ کے فائنل میں خیبر پختونخوا نے سنٹرل پنجاب کو شکست دے کر کپ جیت لیا ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق کراچی کے اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان کپ کے فائنل میں ٹاس جیتنے کے بعد خیبر پختونخوا ٹیم کے کپتان خالد عثمان نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔سینٹرل پنجاب نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ، سینتالیس اوور میں دو سو انتالیس رن بنائے اور خیبر پختونخوا کو جیت کے لئے دو سو چالیس رن کا ہدف دیا۔
پنجاب سینٹرل ٹیم کے اوپنر طیب طاہر نے سڑسٹھ، قاسم اکرم نے پچاس اور رضا علی نے اڑتالیس رن بنائے ۔خیبر پختونخوا کے بلے باز آصف آفریدی نے انتالیس رن دے کر پانچ اور محمد عمران نے بیالیس رن دے کے تین وکٹ حاصل کئے ۔خیبر پختونخوا نے بلے بازی شروع کرنے کے لئے، صاحبزادہ فرحان اور مصداق محمد کو میدان میں اتارا۔ دونوں کھلاڑیوں نے ایک وکٹ کے نقصان پر باہمی شراکت سے انہتر رن اسکور کئے ۔ اس کے بعد مصداق محمد پویلین میں واپس گئے ۔ مصداق محمد تنیتس رن بنا کے آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد صاحبزادہ فرحان کا ساتھ دینے کے لئے امیر عظمت کریز پر پہنچے۔ امیر عظمت پینتالیس رن بنا کے ٹیم کے ایک سو پنتیس رن کے اسکور پر ظفرگوہر کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔اس کے بعد افتخار احمد آئے اور انھوں نے چالیس رن بناکے، صاحبزادہ فرحان کی شراکت داری سے ٹیم کا اسکور دو سو چار تک پہنچایا۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد صاحبزادہ فرحان کا ساتھ دینے کے لئے عادل امین کریز پر پہنچے اور دونوں بلے باز ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرکے واپس ہوئے ۔ عادل امین اور صاحبزادہ فرحان ، ناٹ آؤٹ رہے۔