Feb ۰۷, ۲۰۲۱ ۲۲:۵۰ Asia/Tehran
  • دوسرا ٹیسٹ، پاکستان کی زبردست واپسی، جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 370 رنز کا ٹارگٹ

پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں نائب کپتان محمد رضوان کی شان دار سنچری کی بدولت 298 رنز بنا کر جنوبی افریقہ کو میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کے لیے 370 رنز کا ہدف دیا اور مہمان ٹیم نے ایک وکٹ پر 127 رنز بنا لیے۔

راولپنڈی میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز کے کھیل کا اختتام ہوا تو جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے مزید 243 رنز درکار تھے اور اس کی 9 وکٹیں باقی ہیں۔

جنوبی افریقہ نے پاکستان کی جانب سے دیے گئے ایک مشکل ہدف کا تعاقب شروع کیا تو میکرم اور ڈین ایلگر نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 33 رنز بنائے۔

میکرم اور وین ڈرڈوسن نے دوسری وکٹ میں پراعتماد انداز میں بیٹنگ جاری رکھی اور دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی۔

اس دوران میکرم نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

چوتھے روز جب کھیل کا اختتام ہوا تو جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ پر 127 رنز بنائے لیے تھے اور جیت کے لیے مزید 243 رنز درکار ہیں۔

اس سے پہلے پاکستانی ٹیم نے پہلی اننگز کے 71 رنز کی برتری کی مدد سے دوسری اننگز میں محمد رضوان کی شان دار سنچری کے باعث 298 رنز بنائے اور مجموعی برتری 370 رنز کرکے جنوبی افریقی ٹیم کو سیریز برابر کرنے کے لیے ایک مشکل ہدف دے دیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اس دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستانی ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور اس نے کراچی ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ٹیگس