Feb ۰۸, ۲۰۲۱ ۲۲:۰۸ Asia/Tehran
  • پاکستان کا جنوبی افریقہ کے خلاف کلین سوئپ

پاکستان نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 95 رنز سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن جنوبی افریقہ نے 127 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو وین ڈر ڈوسن اور مرکرم وکٹ پر موجود تھے۔

حسن علی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے پاکستان کے لیے دن کا آغاز یادگار بنا دیا اور دن کی تیسری ہی گیند پر 48 رنز بنانے والے ڈوسن کی وکٹیں بکھیر دیں۔

فاف ڈیو پلیسی اس مرتبہ بھی صرف 5 رنز بنا کر حسن علی کی ہی وکٹ بن گئے۔

135 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید جنوبی افریقی ٹیم سنبھل نہ سکے لیکن مرکرم اور ٹیمبا باووما نے عمدہ شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی جیت کی اُمید پیدا کر دی۔

مرکرم نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں پانچویں سنچری اسکور کی اور وہ باووما کے ساتھ کھانے کے وقفے تک 84 رنز جوڑے ۔

دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرنے کے ساتھ ساتھ رنز بنانے کا سلسلہ بھی جاری رکھا اور چوتھی وکٹ کے لیے 106 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی میچ میں جیت کی اُمیدوں کو روشن کر دیا۔

جب پاکستان کو نئی گیند ملی اور دوسرے ہی اوور میں حسن علی نے 108 رنز بنانے والے مرکرم کو آوٹ کر دیا۔

اگلی ہی گیند پر حسن علی نے جنوبی افریقی کپتان کوئنٹن ڈی کوک کو بھی عمران بٹ کے ہاتھوں کیچ کرا کر ان کی میچ جیتنے کی اُمیدوں پر پانی پھیر دیا۔

حسن علی نے جیارج لنڈے کو آؤٹ کر کے لگاتار دوسری اننگز میں 5 وکٹیں لینے کے ساتھ ساتھ میچ میں 10 وکٹیں بنانے کا کارنامہ انجام دیا۔

ٹیگس