Feb ۰۹, ۲۰۲۱ ۲۰:۰۵ Asia/Tehran
  • پی ڈیم ایم کا حیدرآباد سندھ میں طاقت کا مظاہرہ

منگل کو پی ڈی ام میں شامل جماعتوں کے رہنماؤں نے حیدرآباد سندھ میں طاقت کا مظاہرہ کیا ۔

حیدرآباد سندھ میں منگل کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنت کا جلسہ پاکستان پیپلز پارٹی کی میزبانی میں ہوا۔ اس جلسے کے لئے منگل کی صبح سے ہی حیدرآباد میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند کردیا گیا تھا۔

جلسے کی سیکورٹی کے لئے پولیس اور دیگر سیکورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔

جلسے سے خطاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم کے حیدر آباد جلسے کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عوام نے آمریت کے مقابلے میں جمہوریت کے لئے صف اول میں کردار ادا کیا ہے۔ انھوں نے وزیر اعظم عمران خان کو ایک بار پھر دھاندلی سے برسر اقتدار آنے والا وزیر اعظم قرار دیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو سندھ اور اس کے عوام کی ضرورت نہیں ہے لیکن اس کے جزیروں، اور اس کے قدرتی ذخائر، گیس، کوئلے اور ٹیکس کی ضرورت ہے۔

اس جلسے سے خطاب میں سابق وزیر ا‏عظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس جلسے میں ایسی جماعتیں موجود ہیں جن کو ماضی میں غدار اور ایجنٹ کہا گیا لیکن یہ سب جماعتیں قومی دھارے میں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ملک میں آئین کی حکمرانی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل آئین کی حکمرانی میں ہے۔

اس جلسے سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی خطاب کیا اور عمران خان کی حکومت کو سخت ترین تنقیدوں کانشانہ بنایا۔

ٹیگس