Feb ۱۵, ۲۰۲۱ ۰۶:۴۴ Asia/Tehran
  • دنیا میں پہلی بار ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے ماری سنچری

پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو سیریز میں شکست کے ساتھ بین الاقوامی کرکٹ میں ٹی ٹوئنٹی میں 100 فتوحات حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے قذافی اسٹیڈیم میں کورونا کے باعث سخت حفاظتی اقدامات میں کھیلی گئی 3 میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں باآسانی 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔

سیریز میں ٹیم کے نائب کپتان اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اسی بنا پر انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز محمد نواز کو دیا گیا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنے سفر کا آغاز 28 اگست 2006 کو انضمام الحق کی قیادت میں انگلینڈ کے خلاف 5 وکٹوں سے جیت کے ساتھ کیا تھا اور یہ سفر جنوبی افریقہ کے خلاف فتح کے ساتھ 100 میچوں کی جیت تک پہنچ گیا۔

پاکستان ٹیم نے 2007 میں جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھائی اور فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہندوستان کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

اس فہرست میں ہندوستان کا دوسرا نمبر ہے، جس نے 137 میچوں میں 85 فتوحات حاصل کر رکھی ہیں جبکہ 45 مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جنوبی افریقہ 127 میچوں میں 71 فتوحات اور 54 ناکامیوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، آسٹریلیا 131 میچوں میں 69 اور نیوزی لینڈ 137 میچوں میں 65 کامیابیوں کے ساتھ بالترتیب چوتھے اورپانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ عالمی سطح پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا آغاز 5 اگست 2004 کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیموں کےدرمیان میچ سے ہوا تھا جس میں کیویز نے 9 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مردوں کی ٹیموں کے درمیان تاریخ کا پہلا بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچ 17 فروری 2005 کو ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلا گیا تھا جو 1980 کی دہائی کے انداز میں اس دور کی کرکٹ میں کھیلا گیا تھا۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں پہلی کامیابی آسٹریلیا نے حاصل کی تھی۔

ٹیگس