پاکستان، بہادر اور با صلاحیت مہم جو سے محروم ہو گیا
پاکستان کے عظیم کوہ پیما محمد علی سد پارہ کے انتقال کی تصدیق ہو گئی ہے۔
پاکستان کی حکومت نے موسم سرما میں کے-2 کی چوٹی سرکرنے کی کوشش کے دوران لاپتا ہونے والے کوہ پیماؤں محمد علی سد پارہ، جان اسنوری اور جان پابلو مہر کی موت کی تصدیق کردی۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما محمد علی سد پارہ، آئس لینڈ کے جان اسنوری اور چلی کے جان پابلو موہر سے اس وقت رابطہ منقطع ہوگیا تھا جب انہوں نے 4 اور 5 فروری کی درمیانی شب بیس کیمپ تھری سے کے-ٹو کی چوٹی تک پہنچنے کے سفر کا آغاز کیا تھا۔
پریس کانفرنس کے دوران علی سد پارہ کے بیٹے نے کہا کہ مجھے اور کئی انٹرنیشنل کوہ پیماوں کو یقین ہے کہ انھیں کے ٹو سر کرنے کے بعد واپسی پر حادثہ پیش آیا اور جس بلندی پر ممکنہ حادثہ ہوا تھا وہاں چند گھنٹوں سے زیادہ زندہ رہنا ممکن نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا خاندان، پوری پاکستانی قوم اور ہمارے کوہ پیما دوست مسلسل صدمے اور تکلیف کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔
انہوں نے پاکستانی قوم کی محبت میرے خاندان کے لیے انتہائی حوصلے اور ہمت کا باعث بنا، میرا خاندان انتہائی شفیق باپ سے محروم ہوگیا ہے۔
ساجد سدپارہ نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم سبز ہلالی پرچم سے جنون کی حد تک محبت کرنے والے محب وطن قومی ہیرو سے اور دنیا ایک بہادر اور با صلاحیت مہم جو سے محروم ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں ہم سب ایک دوسرے کے لیے سہارا بنیں گے، میں اپنے والد کے مشن کو جاری رکھوں گا اور ان کے ادھورے خواب پورے کروں گا۔
ساجد سد پارہ نے بتایا کہ علی سدپارہ نے انتھک محنت، بہادری اور ہنر مندی سے 8 ہزار میٹر سے بلند 8 چوٹیاں سر کیں۔
ساجد سد پارہ نے کہا کہ ان کے والد نے نہ صرف نانگا پربت کو پہلی بار سردیوں میں سر کر کے ورلڈ ریکارڈ بنایا بلکہ انہیں نانگا پربت کو چاروں موسموں میں سر کرنے کا ریکارڈ بھی انہیں حاصل ہے۔
ساجد سد پارہ نے کہا کہ علی سدپارہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں کے لیے عالمی معیار کا ایک کلائمبنگ اسکول تعمیر کرنا چاہتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ علی سدپارہ ہمیشہ انتہائی بلندی پر رہنا چاہتے تھے اور کےٹو نے انھیں ہمیشہ کے لیے اپنی آغوش میں لے لیا ہے۔
محمد علی سد پارہ کے بیٹے ساجد سد پارہ بھی 'بوٹل نیک' (کے ٹو کا خطرناک ترین مقام) کے نام سے مشہور مقام تک ان تینوں کوہ پیماؤں کے ہمراہ تھے لیکن آکسیجن ریگولیٹر میں مسائل کے سبب کیمپ 3 پر واپس آ گئے تھے۔
یہ بھی پڑھئے : پاکستان کے مہم جو کو مشہد مقدس میں خراج تحسین پیش کیا گیا + ویڈیوز