پاکستان میں کورونا کا زور ٹوٹ گیا
پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 30 ویں نمبر پر ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا سے 16 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جو کہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران ایک روز میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی سب سے کم تعداد ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید ایک ہزار 160 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اس بیماری سے ایک ہزار 384 مریض شفایاب ہو گئے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 12 ہزار 617 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 72ہزار 334 ہو چکی ہے۔
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 32 ہزار 313 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 87 لاکھ 18 ہزار 555 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
پاکستان میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 24 ہزار 466 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 1 ہزار 605 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 5 لاکھ 35 ہزار 491 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔