Feb ۲۴, ۲۰۲۱ ۲۰:۱۶ Asia/Tehran
  • پاکستان اور سری لنکا دفاعی تعاون بڑھانے میں پر عزم

پاکستان اور سری لنکا نے دو طرفہ تجارت کے فروغ اور آزاد تجارت کے معاہدے کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بات پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ  سری لنکا کے اختتام پر کولمبو میں جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہی گئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا دوطرفہ تجارتی حجم کو ایک ارب ڈالر تک لے جانے اور دونوں ملکوں کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے کو وسعت دینے کے لیے پر عزم ہیں۔

بیان کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے وزرائے اعظم نے دفاع کے شعبے میں موجودہ باہمی تعاون پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی کے شعبے میں تعلقات کو مزید توسیع دینے کا موقع فراہم ہوا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم نے سری لنکا کے لیے پانچ کروڑ ڈالر کے دفاعی قرضے دینے  کی سہولت کا بھی اعلان کیا۔

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر منگل کے روز سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو پہنچے تھے جہاں وزیراعظم مہندا راجہ پکشے نے ان کاخیر مقدم کیا تھا۔

واضح رہے کہ سری لنکا بحر ہند میں پاکستان کے دیرینہ حریف ہندوستان کے قریب واقع ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں منجملہ دفاعی شعبے میں اچھے تعلقات ہیں۔

ٹیگس