حمزہ شہباز جیل سے رہا
پاکستان کی ایک عدالت نے حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ نون کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا۔
مسلم لیگ نون کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا - مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور میاں نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے جیل کے باہر حمزہ شہباز کا استقبال کیا جس کے بعد حمزہ شہباز کو ریلی کی شکل میں ماڈل ٹاؤن لے جایا گیا۔
اس موقع پر جیل کے باہر نون لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ جیل سے ماڈل ٹاؤن کے راستے میں بارہ مقامات پر کیمپ قائم کئے گئے تھے - حمزہ شہباز منی لانڈرنگ کیس میں بیس مہینے تک جیل میں رہے اس سے قبل لاہور کی احتساب عدالت میں حمزہ شہباز کی رہائی کے لیے ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرا دیئے گئے۔لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی دو ضمانتی مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دیا تھا۔ حمزہ شہباز کو منی لانڈرنگ اور آمدنی سے زائد اثاثوں کے کیس میں گیارہ جون دو ہزار انیس کو گرفتار کیا گیا تھا۔
پاکستان مسلم لیگ نون، اپنے رہنماؤں کے خلاف کرپشن کے مقدمات کو حکمراں جماعت تحریک انصاف کی جانب سے انتقامی کارروائی قرار دیتی ہے جسے تحریک انصاف کی حکومت بارہا مسترد کر چکی ہے۔