Mar ۱۰, ۲۰۲۱ ۱۹:۱۷ Asia/Tehran
  • پاکستان کے نو منتخب سینیٹروں کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے اڑتالیس نو منتخب سینیٹروں کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔

 پاکستان کے الیکشن کمیشن نے جن اڑتالیس نومنتخب سینیٹروں کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے ان میں اسلام آباد سے اپوزیشن اتحاد کے مشترکہ امیدوار اور سابق وزیراعظم  یوسف رضا گیلانی اور سندھ سے حکمراں جماعت کے امیدوار فیصل واوڈا کے نام بھی شامل ہیں۔  

اس سے پہلے پاکستان کے الیکشن کمیشن نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا مسترد کردی تھی جبکہ حکومتی اتحاد کے اہم امیدوار فیصل واوڈا کے بیان حلفی کو جعلی قرار دیئے جانے کے بعد، ان کی کامیابی کامعاملہ بھی زیر بحث آگیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ تین مارچ کو اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے حکومتی امیدوار عبدالحفیظ شیخ کو سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی نشست پر شکست دے دی تھی۔ جس پر حکمراں جماعت تحریک انصاف نے شدید برھمی کا اظہار کیا تھا۔

سینیٹ کا انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد اب تمام نظریں ایوان بالا کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے لیے ہونے والے انتخابات پر مرکوز ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں نے، چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ موجودہ چیئرمین سینیٹ، صادق سنجرانی ہی حکومتی اتحاد کے متفقہ امیدوار ہوں گے۔

پاکستان میں سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب بارہ مارچ کو ہونے والے اجلاس کے دوران کیا جائے گا۔

ٹیگس