Mar ۱۴, ۲۰۲۱ ۱۷:۳۲ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان فارسی کے فروغ پر اتفاق

خانہ فرہنگ ایران لاھور اور صوبہ پنجاب کی ادبی اور ثقافتی شخصیات نے دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ ثقافتی ورثے کے فروغ کے لیے فارسی زبان کے بھر پور استفادے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق خانہ فرہنگ ایران لاھور کے ڈائریکٹر جعفر روناس اور صوبہ پنجاب کی ادبی شخصیات، متعدد یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر صاحبان کے علاوہ بعض ارکان پارلیمنٹ کی ایک مشترکہ نشست میں دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی اور تہذیبی رشتوں کے فروغ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

پنجاب یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سلیم مظہر نے نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اور خاص طور سے لاھور کے شہری ایرانی تہذیب و ثقافت میں بہت زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بہت سی رسومات ایرانی اسلامی تہذیب و ثقافت سے ماخوذ ہیں۔

خانہ فرہنگ ایران لاھور کے ڈائریکٹرجعفر روناس نے نشست میں شریک مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر اور ہمسایہ ملکوں کے درمیان تہذیبی، لسانی اور تاریخی رشتے انتہائی گہرے اورعمیق ہیں اور ان رشتوں نے مشترکہ ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کی مضبوط بنیاد فراہم کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خانہ فرہنگ ایران، پاکستان کے ساتھ علوم و فنون اور تہذیبی و ثقافتی شعبوں میں بھرپور تعاون کے لیے تیار ہے۔

ٹیگس