اسلام آباد میں کورونا کے پھیلاؤ میں وحشتناک شدت ، ریڈ الرٹ جاری
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے پھیلاؤ میں وحشتناک شدت کے بعد ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کے علاج کے لئے مخصوص تین اسپتالوں میں آکسیجن بیڈ اور چار مخصوص اسپتالوں میں وینٹیلیٹر بیڈ مکمل طور پر بھرگئے ہیں ۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، پمز اسپتال میں بھی ایک سو ترسٹھ آکسیجن بیڈ میں سے ایک سو بیس کورونا کے مریضوں سے بھرچکے ہیں ۔اس رپورٹ کے مطابق پمز کی انتظامیہ نے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے بتایا ہے کہ اسلام آباد میں مجموعی طور پر چونسٹھ فیصد وینٹیلیٹر کورونا کے مریضوں سے بھر چکے ہیں ۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں کورونا ٹیسٹ کے مثبت نتائج کی شرح بڑھ کے گیارہ اعشاریہ دو فیصد ہوگئی ہے۔
پاکستان کے کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے چار ہزار پانچ سو پچیس نئے مریضوں اور اکتالیس اموات کا اندراج کیا گیا ہے ۔
اس رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کورونا کے زیرعلاج مریضوں کی تعداد چھیالیس ہزار چھے سو ترسٹھ ہوگئی ہے جن میں تین ہزار پچپن افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔