کیا ہندوستانی چینی اور کپاس ، پاکستان کے ساتھ تعلقات میں مٹھاس و نرمی کا باعث بنے گی ؟
پاکستان ہندوستان سے چینی اور کپاس درآمد کرے گا۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی ای سی سی نے ہندوستان سے چینی اور کپاس کی درآمد کی اجازت دے دی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان کے نئے وزیر خزانہ حماد اظہر کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے بدھ کے اجلاس میں کیا گیا ۔
بتایا گیا ہے کہ اس اجلاس میں اکیس معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ہندوستان سے چینی اور کپاس درآمد کرنے کی سمری پیش کی گئی جس کو منظوری دے دی گئی ۔
پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر نے اجلاس کے بعد بتایا کہ پاکستان کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ہندوستان سے پانچ لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کی جائے گی ۔ انھوں نے بتایا کہ چینی کے ساتھ ہی ہندوستان سے کپاس بھی درآمد کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ یہ دونوں چیزیں ہندوستان سے آئندہ تیس جون تک درآمد کی جاسکیں گی۔
انھوں نے اسی کے ساتھ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں ڈیڑھ روپے اور ڈیزل کی قیمت میں تین روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے ۔