نظام کی تبدیلی میں وقت لگتا ہے؛ پاکستان میں آٹومیشن سسٹم کی ضرورت پر عمران خان کی تاکید
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں نظام کی تبدیلی کے لیے قومی عزم و ارادہ کی ضرورت ہوتی ہے اور اس میں وقت درکار ہوتا ہے۔
لاھور میں ایک ترقیاتی منصوبے کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جب کسی نظام میں برائیاں اور بدعنوانیاں رکاوٹ بن جائیں تو تبدیلی لانے میں وقت لگتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب حالات ایسے ہو جائیں کہ جب تک آپ پیسے نہیں دیں گے آپ کا کام نہیں ہوگا تو تبدیلی لانے میں وقت لگتا ہے۔
انہوں نے ملک میں بدعنوانیوں اور رشوت ستانی جیسے معاملات پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے آنکھوں کے سامنے نظام خراب ہوتے ہوئے دیکھا اور یہ نظام بن گیا کہ رشوت دو تو کام ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس نظام کو تبدیل کرنا ایک عظیم مقصد ہے اور اس کے حصول کے لیے قومی عزم و ارادے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے بدعنوانی اور رشوت ستانی کا نظام ختم کرنے کے عزم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان کو اکیسویں صدی میں لے جانا اور مشکلات پر قابو پانا ہے تو ہمیں اپنے آپ کو تبدیل کرنا ہوگا - انھوں نے کاروبار میں آسانی اور لاگت کے لئے آٹومیشن سسٹم لانے کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں آٹومیشن سسٹم کی سخت مخالفت اور ہر ادارے میں یہ کوشش کی جارہی ہے کہ یہ سسٹم نہ آنے پائے کیونکہ اگر آٹومیشن سسٹم آگیا تو رشوت خود بخود ختم ہو جائے گی۔