Apr ۲۶, ۲۰۲۱ ۱۲:۵۲ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر، مریضوں اور اموات میں تیزی سے اضافہ

کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان بھر میں مریضوں اور اموات میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی صورت حال روز بروز بگڑتی جا رہی ہے، اسپتالوں میں آکسیجن فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، وبائی صورت حال کا ناجائز فائدہ اٹھا کر آکسیجن سلنڈرز مہنگے داموں بیچنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے سے اسپتالوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے، عوام ہوش کے ناخن لیں، ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان بھر میں مریضوں اور اموات میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 825 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 70 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 4 ہزار 234 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 9 اعشاریہ 61 فیصد سے زائد ہو گئی۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار 187 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 452 ہو چکی ہے۔

پاکستان میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 89 ہزار 219 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 ہزار 862 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 6 لاکھ 94 ہزار 46 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

ٹیگس