آصف علی زرداری پر ایک اور مقدمہ قائم
پاکستان کے قومی احتساب بیورو نیب نے اپوزیشن جماعت پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف مالی بدعنوانیوں کا ایک اور مقدمہ دائر کردیا ہے-
میڈیا رپورٹوں کے مطابق سابق صدرآصف علی زرداری کے خلاف دائر کیے جانے والے مقدمے میں، ان کے سابق اسٹینوگرافر مشتاق احمد کو شریک ملزم نامزد کیا گیا ہے-
اس مقدمے میں سابق صدر آصف علی زرداری پرجعلی بینک کھاتوں کے ذریعے آٹھ ارب روپئے کی منی لانڈرنگ اور جائیداد خریدنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف پہلے ہی کرپشن کے کئی مقدمات اس وقت عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد ملک میں کرپشن کے خلاف مہم چلانے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت سابق حکمراں جماعتوں کے رہنماؤں کے خلاف بھی مقدمات قائم کیے گئے ہیں جن میں مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیراعظم میاں نوازشریف اور مسلم لیگ نون کے موجودہ صدر میاں شہباز شریف بھی شامل ہیں۔
اپوزیشن جماعتیں ان مقدمات کو اپنے خلاف سیاسی انتقام قرار دے رہی ہیں-