کورونا کے سلسلے میں ہندوستان سے عبرت لینے کی ضرورت ہے: عمران خان
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کا گراف نیچے لانے کےلئےآئندہ ایک دوہفتے بہت ہی اہم ہیں۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایس او پیز کا پورا خیال رکھیں اور ماسک ضرور پہنیں- عمران خان نے لاہور میں کم لاگت والے گھروں کی اسکیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کورونا کا گراف نیچے لانے کے لئے آئندہ ایک دو ہفتے بہت ہی اہم ہیں-
انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں ہمیں ہندوستان سے سبق سیکھنا ہوگا جہاں کورونا کی شدید لہر کی وجہ سے لوگ سڑکوں پر مر رہے ہیں- انہوں نے پاکستان کے اسپتالوں کے بارے میں کہا کہ پہلے سرکاری اسپتالوں میں بہترین علاج ہوتا تھا لیکن آہستہ آہستہ امیروں کے لئے پرائیویٹ اسپتال بن گئے-
اس درمیان پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر بتدریج قابو سے باہر ہوتی جارہی ہے - پاکستانی میڈیا کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید چار ہزار سے زائد نئے کورونا معاملات سامنے آئے ہیں جبکہ اسی عرصے میں ایک سو آٹھ افراد جان کی بازی ہار گئے۔
پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد آٹھ لاکھ پینتالیس ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔