بالآخر چودھری نثار نے پنجاب اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھالیا
پاکستان کے سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے پنجاب اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھالیا ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق چودھری نثار نے پنجاب اسمبلی کا رکن منتخب ہونے کے دو سال دس ماہ بعد بدھ کو ایوان کے رکن کی حیثیت سےحلف اٹھایا۔
بتایا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار ممکنہ صورتحال میں اپنی حفاظت کے لئے ساٹھ افراد کو اپنے ساتھ لائے تھے اور ایوان کو اس کی اطلاع پہلے ہی دے دی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ چودھری نثار دو ہزار اٹھارہ کے عام انتخابات میں پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے لیکن انھوں نے اس وقت حلف نہیں اٹھایا تھا۔رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ چودھری نثار کی حلف برداری کے لئے پنجاب اسمبلی میں سیکورٹی بڑھا دی گئی تھی اور کسی کو بھی اسپیکر کے چیمبر تک جانے کی اجازت نہیں تھی۔
بحیثیت رکن پنجاب اسمبلی حلف لینے کے بعد چودھری نثار اپنے گھر روانہ ہوگئے ۔ صحافیوں نے ان سے کچھ سوالات کرنا چاہا تو انھوں نے کہا کہ آئندہ چند روز کے اندر وہ لاہور کا دورہ اور صحافیوں سے تفصیلی بات چیت کریں گے۔
یاد رہے کہ چودھری نثار مسلم لیگ نون کی حکومت میں وزیر داخلہ رہ چکے ہیں اور ان کا شمار میاں نواز شریف کے قریبی لوگوں میں ہوتا تھا لیکن آخر میں پارٹی قیادت سے ان کے اختلافات ہوگئے تھے جس کی بنا پر انھوں نے دو ہزار اٹھارہ کے عام انتخابات میں پنجاب اسمبلی کی رکنیت کے لئے آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا تھا جس میں انہیں کامیابی بھی ملی تاہم اب تک رکنیت کا حلف نہیں لیا تھا جس کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔