May ۲۸, ۲۰۲۱ ۲۱:۰۶ Asia/Tehran
  • پاکستان عید الاضحی تک ہر قسم کی کورونا پابندیاں ختم کرنے کی کوشش میں

پاکستان کی وفاقی حکومت کوشش کررہی ہے کہ عیدالاضحی تک ملک کے کسی بھی علاقے میں کورونا کو لے کر کوئی پابندی باقی نہ رہے۔

پاکستان کے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے جمعے کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس سے خطاب میں ملک میں کورونا ویکسینیشن کی تفصیلات بتائیں۔ انھوں نے کہا کہ کورونا نے ملک کے اقتصادی شعبے کو بھی متاثر کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا کا ٹیکہ لگانے کی مہم جتنی جلد مکمل ہوگی ، اتنی ہی جلد پابندیاں ختم ہوں گی ، بازار اور منڈیوں میں سرگرمیاں بحال ہوں گی ۔انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پرکوئی پابندی نہ رہے۔

پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشن کے سربراہ نے کہا کہ ان کی حکومت کوشش کررہی ہے کہ بڑی عید تک پورے ملک میں کورونا ویکسینیشن کا کام مکمل ہوجائے اور سبھی سرگرمیاں بحال ہوجائیں۔ انہوں نے اسی کے ساتھ اعلان کیا کہ تیس سال سے زائد عمر کے سبھی افراد کو ویکسین لگانے کی مہم سنیچر انتس مئی سے شروع ہورہی ہے۔

پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے تعلیمی اداروں میں اٹھارہ سال سے زائد عمر کے سبھی لوگوں کو ویکسین لگانے کا کام بھی سنیچر سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ٹیگس