کیا پاکستان ایف اے ٹی ایف کی سفارشات پرعمل کر رہا ہے۔؟
ایف اے ٹی ایف کی سفارشات پر پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری کے آثار دکھائی دینے لگے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق منی لانڈرنگ سے متعلق ایشیا پیسیفک گروپ (اے پی جی) کے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی اعانت کے خلاف فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی 40 تکنیکی سفارشات میں سے 21 میں پاکستان کی درجہ بندی بہتر ہوئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے 5 معاملات میں بہتری دکھائی، 15 دیگر معاملات میں غیرمعمولی بہتری کا مظاہرہ کیا جبکہ ایک معاملے میں جزوی طور پر ایف اے ٹی ایف کی ہدایت پرعمل کیا۔
اے پی جی نے کہا کہ پاکستان انسداد منی لانڈرنگ اور فنانسنگ دہشت گردی سے متعلق اقدامات پر عمل درآمد میں بہتری لانے کے لیے اے پی جی کی وضع کردہ سفارشات کی تعمیل کے لیے تیزی سے کام کررہا ہے۔
پاکستان نے فروری 2021 میں اپنی تیسری پیشرفت رپورٹ پیش کی اور ابھی اس کا جائزہ لینا باقی ہے۔
اے پی جی نے مزید کہا کہ مجموعی طور پر پاکستان نے میوچل ایویلویشن رپورٹ (ایم ای آر) میں تکنیکی بنیاد پر تعمیلاتی خامیوں کی نشاندہی کی اور انہیں دور کرنے میں قابل ذکر پیشرفت کی ہے جس کی بنیاد پر اس کی 22 سفارشات پر دوبارہ درجہ بندی کی گئی۔
پاکستان میں ایف اے ٹی ایف کی ٹاسک فورس کے سربراہ اور وزیر توانائی حماد اظہر نے اچھی ریٹنگ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ نتائج ایف اے ٹی ایف کی ضروریات کو پورا کرنے میں حکومت کے عزم کے ساتھ خلوص کو بھی ثابت کرتے ہیں۔