پاکستان کے وزیر ریلوے نے حالیہ ریل حادثے کی ذمہ داری قبول کرلی
پاکستان کے وفاقی وزیر ریلوے نے حالیہ ریل حادثے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے اور محکمہ جاتی غفلت کو حادثے کی وجہ قرار دیا ہے۔
مقامی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا کہ میں اعتراف کرتا ہوں کہ جس ٹریک پر حادثہ پیش آیا ہے اس پر مسافروں کا تحفظ داؤں پر ہے۔ ریل حادثے پر استعفی دینے کے سوال پر وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ میں ریل حادثے کی ذمہ داری لیتا ہوں اور میرے ماتحت کام کرنے والے سینیئر افسران بھی اس کی ذمہ داری لیتے ہیں تاہم انہوں نے استعفی دینے یا نہ دینے کی کوئی بات نہیں کی۔
گھوٹکی ریل حادثے کی ابتدائی رپورٹ بھی منظرعام پر آگئی جس میں کہا گیا ہے کہ حادثہ اپ ٹریک کی دائیں پٹری کا ویلڈنگ جوائنٹ ٹوٹنے کے باعث پیش آیا ہے۔ ریلوے ٹریک کی فرسودگی، ناقص انٹرلاکنگ سسٹم اور بنیادی ڈھانچے میں پائے جانے والے نقائص کو پاکستان میں ریلوے حادثات کی اہم وجہ قررار دیا جارہا ہے۔
پاکستان میں گزشتہ برس ریل کے چھوٹے بڑے چونسٹھ حادثات پیش آئے تھے جبکہ سن دوہزار انیس میں پیش آنے والے ایک سو کے قریب ریل حادثات میں درجنوں افراد مارے گئے تھے۔